بھارت کے مشہور ڈرامہ سیریل کہیں تو ہوگا میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار راجیو کھنڈیلوال نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں پاکستان سے بہت ہی زیادہ پیار ملا۔سوشل میڈیا پر راجیو کا ایک ویڈیو کلپ زیرِ گردش ہے جس میں وہ بھارتی میڈیا کو انٹرویو دے رہے ہیں اداکار نے مزید کہا کہ کچھ چیزوں کو سیاست سے دور ہی رکھنا چاہیے جس میں ایک شوبز انڈسٹری بھی ہے، جب لوگ امن کی خواہش کرتے ہیں تو یہ لوگ اسے ہندو مسلم کہہ کر مذہبی رنگ دے دیتے ہیں۔راجیو نے کہا ایسا تو نہیں ہوتا کہ پاکستان کی حکومت فنکاروں کو ایجنٹ کی تربیت دے کے بھیجے گی، پتا نہیں لیکن مجھے تو وہاں سے بہت پیار محبت ملتا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں میری اور آمنہ کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا تھا، مجھے وہاں سے اتنا پیار ملا کہ میری مائیں بنی ہوئی تھیں جو مجھے جوتے اور کرتے بھیجا کرتی تھیں۔واضح رہے کہ بھارتی ٹیلی ویژن پر 2003 سے لے کر 2007 تک نشر کیا جانے والا ایکتا کپور کا ڈرامہ کہیں تو ہوگا پاکستان میں بھی کافی مقبول تھا، ڈرامے میں راجیو کھنڈیلوال نے سوجل جب کہ آمنہ شریف نے کشش کا کردار نبھایا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی