چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی میچ میں فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔قومی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف 23 فروری کو ہونے والے ہالی وولٹیج ٹاکرے کے لیے کراچی سے دبئی کے لیے روانہ ہو گئی تاہم فخر زمان دبئی روانہ ہونے والی ٹیم کے ہمراہ نہیں ہیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی فخر زمان کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا جبکہ اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ فخر زمان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے، فخر زمان ٹورنامنٹ میں مزید نہیں کھیل پائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان کی جگہ امام الحق کا چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی ٹیم میں شمولیت کا قوی امکان ہے ۔امام الحق چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل وارم اپ میچز میں پاکستان شاہینز میں شامل تھے اور انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں 98 رنز کی شاندار اننگز بھی کھیلی تھی۔آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے فخر زمان کے متبادل کھلاڑی کا باضابطہ اعلان بھی کیا جائے گا۔دوسری جانب قومی سکواڈ کراچی سے دبئی کے لیے روانہ ہوگیا ۔پاکستان کرکٹ ٹیم 23 فروری کو بھارت کے خلاف سیریز کا بڑا میچ کھیلے گی پاکستان ٹیم آج (جمعہ کو) دبئی میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی