پاکستان ٹین بائولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی ٹین پن بالنگ چیمپئن شپ کی کٹ کی رونمائی تقریب گزشتہ روز لیزر سٹی بالنگ کلب جناح پارک راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان تھے۔ اس موقع پر پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد حسین چٹھہ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان نے بتایاکہ قومی ٹین پن بالنگ چیمپئن شپ 8 سے 12 مارچ تک لیزر سٹی بالنگ کلب جناح پارک راولپنڈی میں کھیلی جائے گی جس میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 8 مارچ کو دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے اور ایونٹ کے افتتاحی روز خواتین کے مقابلے منعقد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپیئن شپ کا افتتاح کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ ہونگے جبکہ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمانان خصوصی وفاقی و صوبائی وزرا ہونگے۔ اور اس موقع پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹین پن بائولنگ کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ لیکن فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت اور محدود وسائل کے باوجود گراس روٹ سطح پر کھیل کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی