ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین (آج) سیمی فائنل کھیلا جائے گا ریکارڈ دیکھیں تو اب تک تمام فارمیٹ کے عالمی کپ میں کیویز شاہینوں کو زیر نہیں کرسکے ،آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اب تین میچز کے فاصلے پر ہے اور چار ٹیمیں اس کے حصول کے لیے میدان میں ہیں، ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل بدھ کو(آج) سڈنی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا ماضی کے ریکارڈ یہ بتاتے ہیں کہ کسی بھی فارمیٹ کے آئی سی سی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کیویز پاکستانی شاہینوں کو بلند پرواز سے نہیں روک سکے ہیں شاہینوں نے جھپٹا مار کر ان کا شکار کیا ہے،ریکارڈ کھنگالیں تو پاکستان اور نیوزی لینڈ کا کسی بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہلا مقابلہ 1992 کے ورلڈ کپ میں ہوا تھا جی ہاں یہ وہی ٹورنامنٹ ہے جس کی ٹرافی پاکستان نے اٹھائی تھی،نیوزی لینڈ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے مدمقابل آنے سے قبل ناقابل شکست تھا اور دنیا کی 7 بہترین ٹیموں کو ہرا چکا تھا لیکن پاکستان نے پہلے گروپ میچ میں کیویز کا شکار کیا پھر سیمی فائنل میں 4 وکٹوں سے شکست سے دوچار کرکے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی،اس میچ میں کیوی کپتان آنجہانی مارٹن کرو کے 91 اور کین ردر فورڈ کے 50 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں پر 262 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم اور مشتاق احمد نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا، پاکستان نے مطلوبہ 268 رنز کا ہدف ایک اوور قبل حاصل کرلیا، میچ کے ہیرو نوجوان انضام الحق تھے جنہوں نے 60 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جب کہ مرد بحران جاوید میانداد 57 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے تھے،ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈ کپ 1999 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ ایک بار پھر سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے لیکن نتیجہ 92 کے سیمی فائنل جیسا ہی تھا، یہاں گرین شرٹس نے 9 وکٹ سے فتح پائی،اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے 7 وکٹ پر 241 کا مجموعہ حاصل کیا، روجر ٹوز 46 رنز بنا کر نمایاں رہے پاکستان کے شعیب اختر نے 3 وکٹیں اڑائیں، پاکستان نے یہ ہدف صرف ایک وکٹ پر 15 بالز قبل عبور کرلیا، سعید انور 113 پر ناٹ آئوٹ رہے،جب ٹی 20 فارمیٹ شروع ہوا تو اس کے عالمی کپ کے دوسرے ایڈیشن میں 2009 کے سیمی فائنل میں گرین شرٹس اور کیویز کا جوڑ پڑا جو مختصر فارمیٹ میں پہلی بار جب کہ آئی سی سی کے کسی بھی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں تیسرا مقابلہ تھا،کیپ ٹاون میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا، پاکستان نے یہ ہدف 7 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا، عمران نذیر نے جارحانہ ففٹی سے فتح کا سفر آسان کیا۔
سیمی فائنل سے قطع نظر اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کا ریکارڈ دیکھا جائے تو یہاں بھی پاکستان کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے،اب تک پاکستان اور نیوزی لینڈ مختصر فارمیٹ کے کرکٹ مقابلوں میں 28 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آچکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 17 جب کہ نیوزی لینڈ نے 11 میچز جیتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی