i کھیل

وفاقی حکومت کے گلگت بلتستان میں اسپورٹس سہولیات کے منصوبے جاری ،باصلاحیت کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرینگے، محی الدین وانیتازترین

January 14, 2026

وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان میں جدید سپورٹس انفراسٹکچر اور نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلے اسپورٹس سہولیات کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے بتایا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کے تحت گلگت بلتستان میں جدید اسپورٹس انفراسٹرکچر نوجوانوں کے لئے ایک قیمتی تحفہ ہے، جس کا مقصد کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانا ہے۔ ان منصوبوں پر مجموعی طور پر تین کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، جس کے تحت چلاس، سکردو، ہنزہ اور گانچے میں جدید سہولیات سے آراستہ فٹسال اور پیڈل ٹینس کورٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

ان سہولیات میں معیاری فلورنگ، لائٹنگ اور دیگر ضروری اسپورٹس آلات شامل ہوں گے تاکہ نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی معیار کے مطابق کھیل سکیں۔ محی الدین والی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف مقامی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ علاقائی اور قومی سطح پر کھلاڑیوں کی تیاری میں بھی مدد ملے گی۔وفاقی سیکرٹری نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم کی قیادت میں نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کو ترجیح دے رہی ہے اور کھیلوں کو فروغ دینا اسی وژن کا حصہ ہے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ مستقبل میں بھی گلگت بلتستان میں کھیلوں کے مزید منصوبوں پر کام جاری رکھے گی تاکہ خطے کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی