سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کم وقت میں 35 کلو وزن کم کر کے سب کو حیران کردیا۔نوجوت نے سوشل میڈیا پر اپنی شاندار جسمانی تبدیلی کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے اپنی حالیہ اور ماضی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔سدھو نے ان تصاویر کے کیپشن میں مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے صرف پانچ ماہ میں 35 کلو وزن کم کر لیا ہے۔ انہوں نے اپنی پہلے اور بعدکی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: اگست سے اب تک میں نے 33 کلوگرام وزن کم کیا ہے۔ یہ سب قوتِ ارادی، عزم، ایک منظم طریقہ کار، اور نظم و ضبط پر مبنی غذا کے ساتھ پرانایام، ویٹ ٹریننگ، اور چہل قدمی کی بدولت ممکن ہوا۔ ناممکن کچھ بھی نہیں! صحت مند جسم ہی سب سے بڑی دولت ہے۔سدھو کی ان تصاویر پر مداحوں کی جانب سے اتنے کم وقت میں 35 کلو وزن کم کرنے پر حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے اور وہ سابق بھارتی کھلاڑی سے اس حیرت انگیز ٹرانسفارمیشن کا روز پوچھ رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی