چیئرمین پی سی بی محسن نقوی چین سے واپسی کے بعد بغیر آرام کئے علی الصبح قذافی سٹیڈیم پہنچ گئے اور قذافی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے افتتاحی تقریب کے لئے شاندار انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ کو نئے قذافی سٹیڈیم کے شایان شان ہونا چاہیے، آج پاکستان کے لئے فخر کا مقام ہے، ریکارڈ مدت میں قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام مکمل کرنے کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ دنیائے کرکٹ کا خوبصورت ترین و عالمی معیار کا قذافی سٹیڈیم ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے، قوم سے کیا وعدہ پورا ہونے پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ شائقین کرکٹ اور کھلاڑی سٹیڈیم میں فراہم کردہ جدید سہولتوں سے محظوظ ہوں گے، ورکرز، ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹر اور پی سی بی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی