چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم نے گیری کرسٹن سے معاہدہ نہیں توڑا بلکہ انہوں نے ختم کیا۔ کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 15 دسمبر تک اسٹیڈیم کا کام مکمل ہوجائے گا اور بھارت کے معاملے میں اللہ بہتر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کھلاڑی کی سلیکشن میں دخل اندازی نہیں کرتا اور ہم نے گیری کرسٹن سے معاہدہ نہیں توڑا بلکہ انہوں نے ختم کیا۔ان کا کہنا تھاکہ عاقب جاوید کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا،5 سے 7 لوگوں سے کوچنگ کے حوالے سے بات چل رہی ہے، ہمارے پاس کئی عہدے خالی ہیں ان پر بندے رکھنے ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھاکہ فخر زمان ٹیم میں ہوگا یا نہیں یہ سلیکشن کمیٹی بتائے گی، کسی کھلاڑی کا نہیں کہا کہ اس کو رکھے اس کو نہیں۔ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے دعا کریں، انشااللہ ٹرافی پاکستان میں ہوگی اور بے فکر رہیں تمام ٹیمیں ٹرافی کھیلنے پاکستان آئیں گی۔ دریں اثناء آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔چیئرمین پی سی بی نے سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا مشاہدہ کیا، تاہم انہوں نے سکور سکرین کو مناسب جگہ نصب کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا ہے کہ سکور سکرین کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو میچز دیکھنے میں مشکل پیش آتی ہے، سکرین کو اونچائی پر نصب کیا جائے تاکہ شائقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا کو سٹیڈیم کے قریب رکھا جائے، اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام مزید تیز کیا جائے، دن رات ایک کر کے منصوبے کو وقت سے قبل مکمل کیا جائے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ دنیائے کرکٹ کی ٹاپ ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے آ رہی ہیں، پاکستان کے لئے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک اعزاز ہے۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایف ڈبلیو او کے حکام کو پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے ہدایات دیں، ایف ڈبلیو او کے حکام نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی جبکہ ایڈوائزر عامر میر، منیجر نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم ارشد خان اور ایف ڈبلیو او کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی