i کھیل

لیجنڈ ری آسٹریلوی بیٹر گریگ چیپل کی واحد بیگی گرین کیپ کھو گئیتازترین

September 26, 2024

آسٹریلیا کے لیجنڈری بیٹر گریگ چیپل کے پاس موجود واحد بیگی گرین کیپ کھو گئی جس پر سابق کینگروز کپتان نے انتہائی افسردگی کا اظہار کیا ہے ۔ سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل نے ایک انٹرویو میں بیگی گرین کیپ کے غائب ہونے کا انکشاف کیا۔گریگ چیپل کا کہنا تھاکہ ہم نے 10 سال سے ایک جگہ سامان رکھا ہوا تھا اور اس میں یہ کیپ بھی تھی، جب ہم ایڈیلیڈ منتقل ہونے لگے تو دیکھا کہ کیپ سامان میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ کیا ہوا ہے لیکن میں بہت افسردہ ہوں، یہ میرے لیے ایک یادگار چیز ہے جوکہ اب میرے پاس نہیں ہے۔گریگ چیپل کو کیرئیر کے دوران ایک سے زیادہ بیگی گرین کیپ ملیں، ایک کیپ انہوں نے جیفری بائیکاٹ کو تحفے میں دی جس کی 15 ہزار ڈالرز میں نیلامی ہوئی، گریگ چیپل کے پاس یہ اب واحد بیگی گرین کیپ تھی جو گم ہو گئی۔ گریگ چیپل نے 70 اور 80 کی دہائی میں 87 ٹیسٹ میچز میں 24 سنچریاں اسکور کیں جس کی وجہ سے انہیں آسٹریلیا کے عظیم بیٹرز میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ خیال رہے سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کی بھی گزشتہ سال گرین کیپ اس وقت گم ہو گئی تھی جب وہ اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے مگر بعد میں انہیں انکی گرین کیپ واپس مل گئی تھی۔ بیگی گرین کیپ ایک سبز رنگ کی ڈھیلی ڈھالی ٹوپی ہے جسے آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹرز کو 20 ویں صدی سے ہی ایک روایت کے طور پر دیا جاتا ہے اور آسٹریلیا کے کرکٹرز اسے بہت اہمیت دیتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی