انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (او آئی سی) نے 2028 میں لاس اینجلس میں شیڈول اولمپکس میں مینز اور ویمنز کی 6، 6 ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں میں کرکٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلی جائے گی، جس میں مینز اور ویمنز کے ایونٹس میں 6، 6 ٹیمیں ہوں گی، جس کیلئے 90، 90 کھلاڑیوں کا کوٹہ الاٹ کیا جائے گا، ہر ٹیم 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کے 12 فل ممبرز ہیں، ایونٹ پروگرام اینڈ ایتھلیٹ کوٹہ کی منظوری آئی او سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے دی تاہم لاس اینجلس اولمپکس کے کرکٹ وینیوز کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پاکستان کو اولمپکس مقابلوں میں کوالیفائی کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ موجودہ آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان مینز ٹیم 7ویں اور ویمنز ٹیم 8ویں پوزیشن پر موجود ہے۔
اولمپکس میں آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ کی 6 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی، پاکستان کو اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کیلئے اپنی عالمی رینکنگ بہتر کرنا ہوگی۔ یاد رہے کہ 128 سال کے طویل عرصے بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے، سال 1900 میں آخری بار پیرس گیمز میں کرکٹ کا کھیل کھیلا گیا تھا۔ لاس اینجلس گیمز کے 36 اسپورٹس میں مجموعی طور پر 5543 مرد اور 5655 خواتین پلیئرز حصہ لیں گے، 351 میڈلز ایونٹس میں سے 161 خواتین، 165 مرد اور 25 مکسڈ ایونٹس ہوں گے۔فٹبال میں پہلی مرتبہ خواتین کی 16 اور مردوں کی 12 ٹیمیں ہوں گی، سوئمنگ میں بیک اسٹروک، بٹر فلائی اور بریسٹ اسٹروک کے 50 میٹر مقابلے بھی اولمپکس مین شامل کر لیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ او آئی سی بورڈ نے اسپورٹس کلائمبنگ اور روئنگ میں بھی نئے میڈل ایونٹس کا اضافے کی منظوری دیدی ہے۔لاس اینجلس ہوسٹ پروگرام کے تحت شامل اسکواش میں مرد اور خواتین کا 16، 16 پلیئرز کا ڈرا ہو گا جبکہ فلیگ فٹبال، لوکروسی، سافٹ بال اور کرکٹ میں 6، 6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ واٹر پولو کے مقابلوں میں خواتین کی دو مزید ٹیمیں شامل کرلی گئی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی