پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے روانگی سے قبل لاہور میں ایک مختصر کیمپ لگائے گی۔ یہ تربیتی کیمپ(آج) ہفتہ کو شروع ہوگا ۔ قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے تین روزہ پروگرام کا فوکس مہارت اور فٹنس دونوں سطحوں پر ہو گا۔تربیتی نظام کے بعد ایک کھلا میڈیا سیشن ہوگا، جس میں کھلاڑیوں کو اپنی تیاریوں اور آنے والی سیریز کے لیے توقعات کے بارے میں بصیرت پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ قومی ٹیم کو 7 مئی کی صبح آئرلینڈ کے لیے روانہ ہونا ہے۔ دورہ آئرلینڈ کے دوران ٹیم 10 مئی سے 14 مئی تک تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ اگلے مرحلے میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں چار میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستان کے ورلڈ کپ سکواڈ کا بہت انتظار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان 22 مئی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران کیا جائے گا۔ قومی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ سے براہ راست امریکا جائے گی۔ آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، عرفان خان نیازی، افتخار احمد، عثمان خان، اعظم خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، حارث رف، عباس آفریدی، ابرار احمد، حسن علی، سلمان علی آغا پر مشتمل ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی