i کھیل

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی واجبات کی عدم ادائیگی پر پریشان ، فیڈریشن خاموشتازترین

October 15, 2024

پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملے پر صدر اور سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے چپ سادھ لی۔ذرائع کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی کیلئے تمام سینئرکھلاڑی روزانہ کی بنیاد پر پوچھ رہے ہیں لیکن صدر طارق بگٹی اور سیکرٹری رانا مجاہد نے اب گروپ میں جواب دینا بھی بند کردیا ہے۔ ایک کھلاڑی نے شکوہ کیا کہ پہلے تو پی ایچ ایف حکام دلاسہ دے دیتے تھے کہ ہم فنڈز کا بندوبست کر رہے ہیں اور جلد ادائیگی ہوگی اب تو جواب بھی نہیں آتا، پی ایچ ایف حکام کا جواب نہ دینا کھلاڑیوں کے لیے پریشان کن ہے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی کے مطابق واجبات کی ادائیگی ہمارا حق ہے اور ہمیں حکومت ہمارا حق دلائے، بیشتر کھلاڑیوں کی مالی حالت اچھی نہیں انہیں واجبات درکار ہیں۔ واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو چین میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے واجبات ابھی تک نہیں ملے، کھلاڑیوں کے 20 ہزار روپے روزانہ کے حساب سے 25 روز کے واجبات بنتے ہیں، کھلاڑیوں کو کہا گیا کہ 35 ہزار فی دن کا الائونس یکم جنوری سے شروع ہو گا۔ کھلاڑیوں کو شک ہے کہ پی ایچ ایف دورہ چین کے 25 دن کی بجائے صرف ایونٹس کے دنوں کی واجبات دینے کا پلان کر رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی