لوگ تو باتیں کرتے رہتے ہیں، کیا 300 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلوں؟ سست بیٹنگ کے سوال پر بابر اعظم نے مسکراتے ہوئے سوال کردیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں 58 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد میڈیا کانفرنس میں ایک صحافی کی جانب سے اسٹرائیک ریٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بابراعظم نے مسکرا کر کہا کہ کیا 300 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلوں؟ لوگ تو باتیں کرتے رہتے ہیں، میں کوشش کرتا ہوں کہ چیزیں میرے ہاتھ میں ہوں تو فنش کر کے آوں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی 10 اوورز میں میرا اسٹرائیک ریٹ 160 تھا، جب اوپر سے وکٹیں گر جاتی ہیں تو اسٹرائیک ریٹ متاثر ہوتا ہے، صورتحال ایسی تھی کہ کھیل کو آخر تک لے جاں، میرا کام پرفارم کرنا ہے، کوشش ہوتی ہے کہ ہر جگہ اپنا 100فیصد پرفارم کروں۔ کپتان نے کہا کہ جدید کرکٹ میں مختلف شاٹس کی اہمیت ضرور ہے، بیٹرز بہتری بھی لاتے رہتے ہیں لیکن نیچرل اسٹروکس کھیلتے ہوئے بھی اسٹرائیک ریٹ بہتر کیا جاسکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی