بھارتی شہر کولکتہ میں ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل پر بالی وڈ اداکار بھی پھٹ پڑے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ایک اور ریپ، ایک اور دن جب یہ احساس ہو کہ خواتین بالکل بھی محفوظ نہیں ہیں۔اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے لکھا کہ اس ملک میں 50 سال گزر گئے ہیں اور میں اپنی بیٹی کو وہی چیز سمجھا رہی ہوں جو کہ مجھے بچپن میں سمجھائی گئی تھی۔ٹوئنکل کھنہ نے کہا کہ پارک، اسکول، یا ساحل پر یا کسی بھی مرد کے ساتھ اکیلے مت جا، خواہ وہ آپ کے انکل، کزن یا دوست ہی کیوں نہ ہو، صبح اور خاص کر رات میں اکیلے مت نکلا کرو، اکیلے مت باہر جایا کرو اس لیے نہیں کہ اگر، بلکہ اس لیے کہ تم کبھی واپس نہیں آ سکو گی۔اداکار آیوش من کھرانا نے ٹوٹے ہوئے دل والے ایموجی کے ساتھ ہیش ٹیگ کاش میں بھی لڑکی ہوتی کا استعمال کیا۔اداکارہ کریتی سینن نے لکھا کہ ہم بھارتی آزادی کا دن منا رہے ہیں اور اسی دن میرا دل ٹوٹ گیا، جب مجھے اس بات کا احساس ہوا کہ خواتین اپنے ہی ملک میں محفوظ نہیں ہیں، ایسی حرکت کرنے والوں میں کوئی خوف نہیں ہے اگر جلد از جلد انصاف نہیں دیا جائے گا، سخت سزائیں نہیں ہوں گی، کچھ بھی تبدیل نہیں ہوگا۔کرینہ کپور نے ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل پر اظہار خیال کرتے ہوئے لکھا کہ 12 سال قبل، وہی کہانی، وہی احتجاج مگر آج بھی کچھ تبدیل نہیں ہوا ہے۔اداکارہ پرینکا چوپڑا کی جانب سے پوسٹ کرتے ہوئے لکھنا تھا کہ اگر آپ اس لڑکی کے لیے آواز نہیں اٹھائیں گے تو کون اٹھائے گا؟
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی