پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو جناح گاندھی ٹرافی کے تحت دوطرفہ سیریز کھیلنے کی پیشکش کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو بحال کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کی طرز پر جناح-گاندھی ٹرافی کا انعقاد کرنے کا مشورہ دیا۔ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے سال 2012-13 کے بعد سے کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کئی کوششیں کی گئیں تاہم کوئی مثبت نتیجہ نہ نکلا۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی یا اے سی سی کے ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں۔ سال 2019 کے بعد پاک بھارت ٹیموں کے درمیان کوئی ون ڈے مقابلہ نہیں کھیلا گیا ہے، بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں 4 سال بعد ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی