i کھیل

یو اے ای کے بیٹر محمد عثمان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیاتازترین

June 29, 2024

یو اے ای کے بیٹر محمد عثمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں پیدا ہونے والے مڈل آرڈر بیٹر نے 6 سالوں کے دوران 85 انٹر نیشنل میچز میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کی جس میں 38 ون ڈے اور 47 ٹی ٹوینٹی میچز شامل ہیں ۔عثمان نے اپنا ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو فروری 2016 میں نیدرلینڈز کے خلاف کیا، جس کے چند ماہ بعد انہوں نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا۔ مجموعی طور پر، انہوں نے 38 ون ڈے میچز میں 31.50 کی اوسط سے 1008 رنز بنائے جن میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ 47 ٹی 20 میچز میں انہوں نے 891 رنز بنائے، جن میں تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔وہ 2016 کے ایشیا کپ اسکواڈ کا حصہ بھی تھے جہاں انہوں نے یو اے ای کے لیے سات میچز میں 176 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنائے۔عثمان لاہور میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے پانچ فرسٹ کلاس اور 58 لسٹ اے میچز کھیلے۔ انہوں نے 34.47 کی اوسط سے 1517 رنز لسٹ اے میں بنائے جس میں 9 نصف اور ایک سینچری شامل ہے ، انہوں نے آخری بار فروری 2022 میں عمان اور نیپال کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیلے تھے۔محمد عثمان نے سفر میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی کرکٹ کے ساتھ جڑے رہنے کی امید ظاہر کی ۔ انہوں نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کرکٹ ٹیم اور کرکٹ بورڈ کے ساتھ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے، میں اپنے تمام ساتھیوں، کوچز اور دیگر معاون عملے سمیت ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرے سفر میں کردار ادا کیا۔ میں خود کو خوش قسمت اور فخر محسوس کرتا ہوں کہ مجھے 85 بین الاقوامی میچز میں یو اے ای کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا۔"میں اپنی زندگی کے اگلے باب کا منتظر ہوں کیونکہ میں کھیل سے منسلک رہنا چاہتا ہوں۔ میں یو اے ای ٹیم اور کھلاڑیوں کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں کیونکہ ملک میں کرکٹ کے لیے ایک بہت ہی دلچسپ وقت ہے۔"

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی