i کھیل

ٹی20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی،قومی ٹیم و مینجمنٹ میں بڑی سرجری کی تیاریتازترین

June 15, 2024

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں قومی ٹیم کی تاریخی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑی سرجری کی تیاری کر لی۔ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر اختتام پذیر ہو گیا ہے، قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا آخری اور رسمی میچ آئرلینڈ کیخلاف کھیلے گی، ورلڈ کپ میں تاریخی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ میں بڑی سرجری کی تیاری کر لی گئی۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کی پاکستان واپسی پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ "آپریشن کلین اپ" کا آغاز کریں گے، ٹیم کے آوٹ آف فارم کھلاڑیوں کی چھٹی ہو گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد، اعظم خان، صائم ایوب، شاداب خان اور عثمان خان کو ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ ڈومیسٹک پرفامرز کو اب پاکستان کرکٹ ٹیم میں موقع دیا جائے گا۔ بورڈ ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم کو بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر جواب دہ ہونا پڑے گا۔ علاوہ ازیں ٹیم مینجمنٹ میں بھی بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے، سینئر ٹیم منیجر اور سلیکٹر وہاب ریاض کو بھی اپنی جگہ بچانے کا چیلنج درپیش ہے جبکہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن ٹیم کی واپسی کے بعد چیئرمین پی سی بی سید محسن نقوی کو ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی پر مکمل رپورٹ پیش کریں گے۔ یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی بھارت سے میچ ہارنے کے بعد ٹیم میں بڑی سرجری کا عندیہ دے چکے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کانٹریکٹس کا بھی ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا، ناقص کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کی سینٹرل کانٹریکٹ میں تنزلی بھی ہو سکتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی