i کھیل

گوتم گمبھیر کے ساتھ اختلافات، ویرات کوہلی کا ڈومیسٹک لیگ وجے ہزارے ٹرافی کھیلنے سے انکارتازترین

December 03, 2025

بھارت کے مایہ ناز بیٹر و یرات کوہلی نے بی سی سی آئی کے اہم ترین ڈومیسٹک کرکٹ لیگ وجے ہزارے ٹرافی کھیلنے سے انکار کر دیا ۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کوہلی اور انڈین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے درمیان مستقبل کے حوالے سے پیدا ہونے والے اختلافات تعلقات میں سرد مہری کا سبب بن رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق روہت شرما پہلے ہی بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی کو اپنی دستیابی سے آگاہ کر چکے ہیں اور وہ ممبئی کی نمائندگی کیلئے تیار ہیں۔تاہم ان کے برعکس و یرات کوہلی نے وجے ہزارے ٹرافی میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روہت شرما اس سے قبل سید مشتاق علی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں بھی شریک ہو کر اپنی میچ فٹنس برقرار رکھنے کی کوشش کر چکے ہیں۔ کوہلی کے قریبی حلقوں کا مقف ہے کہ وہ ضرورت سے زیادہ تیاری کے حامی نہیں اور اپنی جسمانی فٹنس اور ذہنی طور پر تیار رہنے کو کافی سمجھتے ہیں جبکہ دوسری طرف بی سی سی آئی کو خدشہ ہے کہ ایک سٹار پلیئر کے لیے خصوصی رعایت دینے سے باقی کھلاڑیوں میں غلط پیغام جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسئلہ وجے ہزارے ٹرافی میں شرکت کا ہے۔ وہ کھیلنا ہی نہیں چاہتے۔ جب روہت شرما بھی کھیل رہے ہیں تو ایک کھلاڑی کے لئے استثنی کیسے دیا جا سکتا ہے؟ پھر ہم باقی کھلاڑیوں کو کیا بتائیں؟بی سی سی آئی اور کوچنگ سٹاف مسلسل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت پر زور دیتے رہے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد بھی یہی پالیسی تھی جس کے تحت ویرات کوہلی اور روہت شرما دونوں نے رانجی ٹرافی میں حصہ لیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے حالات مزید خراب ہونے سے روکنے کیلئے قومی سلیکٹر پراگیان اوجھا کو رائے پور بھیج دیا ہے جہاں انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ون ڈے کھیلا جا رہا ہے تاکہ ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر کے درمیان بڑھتی کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی