فلسطین میں اسرائیلی بمباری کے خلاف شوبز ستاروں نے سوشل میڈیا پر احتجاج کیا۔ ماہرہ خان، عمیر جسوال، آمنہ الیاس، نادیہ حسین، یمنی زیدی، علی رحمان، عائشہ عمر، نیمل خاور نے اپنے پیغامات شیئر کیے۔ اداکارہ ماہرہ خان نے رفع میں جاری اسرائیلی جارحیت پر مذمتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ سوتے ہوئے لوگوں کو جلا دیا' پناہ گزینوں پر مسلسل بمباری ہورہی ہے، ہم کس ظالم دنیا میں رہ رہے ہیں، وہ کون لوگ ہیں جو جلتے ہوئے بچوں کو دیکھ کر کانپتے نہیں ہیں۔ماڈل اور اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا کہ یہ سب کب رکے گا؟ یہ کونسی دنیا ہے؟ دنیا جہنم بن رہی ہے، انسانیت ختم ہوگئی ہے۔ اداکارہ یمنی زیدی نے لوگوں سے فلسطین کیلئے کھڑے ہونیکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رفع حملوں میں پھر متعدد فلسطینی شہید ہوگئے، سچ کیلئے کھڑے ہوجائیں۔ علی رحمان خان بھی رفع حملوں پر اسرائیل کے خلاف کہا کہ جلے ہوئے بچے'خیموں میں لگی آگ کے باوجود اسرائیل خود کو معصوم ثابت کر رہا ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، دنیا کو جاگنا ہوگا۔ گلوکار عمیر جسوال نے رفع کیلئے بنائے گئے آرٹ ورک کو شیئر کیا، انہوں نے ایک جلتے ہوئے ہاتھ کی شکل سوشل میڈیا پر شیئر کی اور فلسطین اور نسل کشی کے ہیش ٹیگز بھی لگائے۔اداکارہ اور ماڈل نادیہ حسین نے سوشل میڈیا پر اسرائیلی مظالم کی ویڈیو شیئر کردی۔عائشہ عمر نے کہا کہ تمام نگاہیں بدترین مناظر دیکھ رہی ہے، اقوام عالم بے بس ہوچکی، انسانیت ختم ہوگئی، اللہ رحم کر اور ان ظلم کو روک دے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی