قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ دورہ جنوبی افریقا کیلئے اوپنر فخر زمان کے نام پر اس لیے نہیں غور کیا گیا کہ وہ ابھی فارم اور میچ فٹنس حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ نے شاہین آفریدی کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ ہونے سے متعلق بتایا کہ شاہین کا ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہ ہونا ایک اسٹریٹجک فیصلہ ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم رہیں۔عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کے باوجود ساجد خان کو سلیکٹ نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم سنچورین اور کیپ ٹان میں تیز بولنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز دیکھتے ہوئے ہم نے ان کے بجائے محمد عباس کا انتخاب کیا جو سیم بولنگ کے ماہر ہیں۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی