پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز فاسٹ بولر نسیم شاہ کی بیٹنگ کے حوالے سے کمنٹیٹر عامر سہیل سے سخت الفاظ ادا ہوئے جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے۔ عامر سہیل نے دراصل آہستہ کھیلنے اور رنز نہ کرنے پر نسیم پر تنقید کی۔ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن دوران کمنٹری رمیزراجا نے نسیم شاہ کی تعریف کی اور کہا نسیم کو بیٹنگ میں اعصاب مضبوط کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔ اس کے جواب میں عامر سہیل نے فورا کہا کہ نسیم کو دماغ کے مسلز مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، اگر وہ ایسا کرلیں تو بہتر کرکٹر اور بولر بن سکتے ہیں۔ جہاں عامر سہیل نے نسیم پر تنقید کی وہیں سوشل میڈیا صارفین نے نسیم کی خوب پذیرائی کی اور کہا کہ جس طرح انہوں نے وکٹ پر کھڑے رہتے ہوئے اپنی وکٹ بچائی اور بیٹر سعود شکیل کو موقع دیا وہ حقیقی معنوں میں قابلِ تعریف تھا۔ سوشل میڈیا صارفین نے عامر سہیل کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مضحکہ خیز انداز میں کہا کہ دماغ کے مسلز نہیں ہوتے۔ دوسری جانب سعود شکیل نے ناصرف اپنی ڈبل سنچری اسکور کی بلکہ اس ٹیسٹ میں کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کیے، انہوں نے پاکستان کا مجموعی اسکور بھی بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کھیلی جانے والی سیریز میں عامر سہیل نے نسیم شاہ کو بولنگ ایکشن تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی