پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے زیراہتمام چوتھے انٹرلوپ قائد اعظم وہیل چیئر ٹی 20 کپ کا آغاز 29 اکتوبر سے بوہڑاں والی گراؤنڈ فیصل آبادمیں ہوگاجس کے شاندار انعقاد کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ملک کے مذکورہ سب سے بڑے ڈومیسٹک ایونٹ میں پنجاب،سندھ، بلوچستان، کے پی کے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ایونٹ میں گروپ میچز کے بعد پہلی بار سپر فور مرحلے کو متعارف کرایا گیا ہے جس سے میچز کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ قائد اعظم ٹی 20کپ کا فائنل میچ فلڈ لائٹس کی روشنی میں بوہڑاں والی کرکٹ گراؤنڈفیصل آباد میں کھیلا جائے گا،نیز قائد اعظم کپ میں ملک بھر سے سینئر اور انٹرنیشنل وہیل چیئر کرکٹرز شرکت کریں گے جن میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی بھرپور موقع دیا گیا ہے۔پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے ترجمان نے بتایا کہ قائد اعظم کپ آئندہ آنے والے ون ڈے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے متوازن قومی ٹیم تشکیل دینے اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل ہونے کا موقع فراہم ہوگا۔دریں اثناپاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کپتان اور بائیں ہاتھ کے اوپنر بیٹر محمد ذیشان جو گزشتہ تین ماہ سے بائیں بازو کی انجری اور پھیپھڑوں کی تکلیف میں مبتلا تھے اب صحت یاب اور قائد اعظم ٹی20کپ میں بلوچستان ٹیم کی قیادت کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔محمد ذیشان نے بتایا کہ وہ ڈاکٹرز کی طرف سے ایونٹ کھیلنے کی اجازت کے منتظر ہیں لہٰذا جیسے ہی انہیں فٹ قراردیاجاتاہے۔وہ ٹریننگ کا آغاز کردینگے۔ انہوں نے اپنے تمام دوستوں اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں بھرپور دعاؤں اور نیک تمناؤں سے انہیں بھرپور حوصلہ دیا۔ قومی کپتان نے علاج معالجہ کے تمام اخراجات کی ذمہ داری اٹھانے پر الکرم ٹاول انڈسٹریز اور چیئرمین ریحان چاولہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جو کہ ایشین چیمپئن ٹیم کے سرپرست بھی ہیں۔ یاد رہے کہ محمد ذیشان کی قیادت میں پاکستان دو مرتبہ ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکاہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی