i کھیل

چیمپیئنز لیگ، بارسلونا کا 10 سالہ انتظار ختم، بائرن میونخ کو 1-4 سے شکست دے دیتازترین

October 24, 2024

یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے نئے فارمیٹ کے دلچسپ مقا بلوں میں ہسپانوی کلب بارسلونا نے 2015 کے بعد پہلی بار جرمن کلب بائرن میونخ کوایک کے مقابلے چار گول سے شکست دے دی۔بارسلونا اور بائرن میونخ دونوں کا یہ رواں سیزن کا تیسرا میچ تھا جس میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جس میں میچ شروع ہوتے ہی پہلے منٹ میں بارسلونا کے کپتان رافینہا نے بہترین گول اسکور کیا۔گول اسکور ہونے کے بعد بائرن میونخ نے تواتر سے بارسلونا کے گول باکس میں حملے کیے اور 10ویں منٹ میں بائرن میونخ کے اسٹرائیکر ہیری کین کا گول ہوگیا لیکن چیک کرنے پر سامنے آیا کہ وہ آف سائڈ تھے جس کی بنا پر گول واپس لے لیا گیا لیکن انہوں نے جلد ہی نقصان کی بھرپائی کی اور 16ویں منٹ میں گول اسکور کرکے 1-1 کردیا۔پہلے ہاف کا گیم انتہائی تیز کھیلا گیا حتی کہ کمنٹریٹرز بھی یہ تبصرہ کرتے رہے کہ دونوں ٹیموں کو چاہیے کہ رفتار کم کریں کیونکہ ابھی پہلا ہاف بھی مکمل نہیں ہوا، وہ تھک جائیں گے۔36ویں منٹ میں بارسلونا کے اسٹرائیکر اور بائرن میونخ کے سابق کھلاڑی روبرٹ لیونڈوسکی نے گول اسکور کرکے مقابلہ 1-2 کردیا لیکن اپنی سابقہ ٹیم کے خلاف گول مارنے پر جشن نہیں منایا۔ ساتھ ہی یہ ان کا 97واں چیمپیئنز لیگ گول تھا جس کے بعد وہ چیمپیئنز لیگ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن چکے ہیں، پہلے نمبر پر 140 گولز کے ساتھ کرسٹیانو رونالڈو جبکہ 129 گولز کے ساتھ لیونل میسی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔پہلے ہاف کے آخری منٹ میں رافینہا نے شاندار گول اسکور کرکے بارسلونا کو 1-3 کی برتری دلوائی۔دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے تابڑ توڑ حملے جاری رکھے اور بارسلونا نے شاندار موو بنایا جس میں پیڈری اور لامین یمال کے اسسٹ کی بدولت ایک بار پھر رافینہا نے گول مار کر ہیٹ ٹرک اسکور کی، یوں بارسلونا کو 1-4 سے کامیابی حاصل ہوئی۔یہ 2015-2014 کے چیمپیئنز لیگ سیزن کے بعد پہلا موقع تھا کہ جب بارسلونا نے بائرن میونخ کو شکست دی، اس سے قبل 2020-2019 سیزن کے کوارٹر فائنل میں بائرن میونخ نے بارسلونا کو 2-8 سے دھول چٹائی تھی جس کی ہتک آج تک فٹبال شائقین محسوس کرتے ہیں۔2015 میں بارسلونا نے بائرن میونخ کو سیمی فائنل میں شکست دی تھی جبکہ اس سیزن بارسلونا نے چیمپیئنز لیگ اپنے نام کیا تھا لیکن اس کے بعد سے تین سیزنز میں بارسلونا کا ٹاکرا بائرن میونخ سے ہوا لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ان شکستوں کے باعث بارسلونا ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی