بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایشیا کپ 2023کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے پر پاکستان کے سابق کرکٹرز سمیت غیر ملکی اسٹارز کے ردعمل آنے کا سلسلہ جاری ہے،پاکستان جونیئر لیگ کے باعث پاکستان میں موجود سابق ویسٹ انڈین کپتان ویوین رچرڈز پاک بھارت سیریز کے خواہشمند ہیں، ویوین رچرڈز گوادر شارکس کے مینٹور ہیں،انہوں نے پاک بھارت مقابلہ کھیلوں کی دنیا کا بہترین مقابلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت ایسی سیریز ہے جو میں دیکھنا چاہوں گا، میں نے کئی بار کہا ہے کہ بہترین جنگ کھیل کے میدان میں لڑی جاسکتی ہے،انہوں نے کہا کہ انفرادی طور پر کسی ہارنے والے کی انا کو نقصان پہنچ سکتا ہے لیکن مجھے یقین ہے چیزیں تبدیل ہوں گی،لیجنڈ کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت مقابلے کی ٹیمیں ہیں اور دونوں کو بہت سپورٹ حاصل ہے، پاک بھارت میچ کو کھیلوں کی دنیا کی سب سے بڑی سرگرمی سمجھتا ہوں، میں سمجھتا ہوں اچھی صورتحال پیدا ہوگی اور پاک بھارت سیریز مستقبل میں ہوگی،سابق کپتان نے مزید کہا کہ میں کرکٹ کا گلوبل ایمبیسیڈر ہوں، میرے لیے اعزاز ہے کہ یہاں موجود ہوں، ایک اچھی جگہ پر رہ رہا ہوں، کئی برسوں سے پاکستان آ رہا ہوں یہاں کے لوگ مجھے جانتے ہیں اور یہ ایک شاندار جگہ ہے،ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا ، اب ٹی ٹوئنٹی کا عمدہ ٹورنامنٹ ہو رہا ہے، انگلینڈ نے پاکستان کو پاکستان میں ہرایا یہ ان کا بڑا کارنامہ تھا،ویوین رچرڈز نے کہا کہ مجھے یہاں آنے پر کبھی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا ،ہمیشہ محفوظ محسوس کیا ،میں خود کو اپنے گھر میں محسوس کرتا ہوں اور جب آپ گھر میں ہوں تو ریلیکس ہوتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی