بھارت کے نوجوان موسیقار نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس(اے آئی)کی مدد سے معروف پاکستانی گانے بلاک بسٹر کو ماضی کے لیجنڈری گلوکار محمد رفیع کی آواز میں تبدیل کردیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔پاکستان کے کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کا گانا بلاک بسٹر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے، یہ گانا بھارتی شائقین بھی بہت پسند کررہے ہیں۔گانا بلاک بسٹر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ٹرینڈ کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صارفین اس ٹرینڈنگ گانے پر اپنی ویڈیوز بنا رہے ہیں۔ایسے میں بھارت سے تعلق رکھنے والے نوجوان موسیقار انشومن شرما نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کا استعمال کرتے ہوئے اس گانے کو نئی آواز دی ہے۔انشومن شرما نے گلوکار آدیتیہ کے ساتھ ملکر گانا بلاک بسٹر کو 70 کی دہائی کے انداز میں دوبارہ بنایا ہے، یہ گانا ویسے تو گلوکار آدیتیہ نے اپنی آواز میں گایا ہے لیکن انشومن نے اے آئی کی مدد سے آدیتیہ کی آواز کو مرحوم لیجنڈری گلوکار محمد رفیع کی آواز میں تبدیل کردیا ہے۔محمد رفیع کی آواز میں گانا بلاک بسٹر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے، موسیقی کے شائقین سمیت اس گانے کے پاکستانی پروڈیوسر ذوالفقار جبار خان المعروف زلفی نے بھی انشومن شرما کے منفرد تجربے کی تعریف کی۔واضح رہے کہ 2 ماہ قبل ریلیز ہونے والے گانے بلاک بسٹر نے یوٹیوب پر 26 ملین سے زائد ویوز حاصل کرلیے ہیں، اس گانے کے گلوکاروں میں فارس شفیع، عمیر بٹ اور گھڑوی گروپ شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی