انڈر 19 ایشیا کرکٹ کے فائنل میں بھارت کو عبرتناک شکست دینے کے بعد پاکستانی شاہین 'ایشیا کپ' کی ٹرافی لے کر وطن واپس پہنچ گئے۔اسلام آباد ائیرپورٹ پر انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد رات گئے کھلاڑیوں کا استقبال کرنے ائیرپورٹ پہنچی۔فاتح کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے، مداحوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیااور خوب بھنگڑے ڈالے۔ایئرپورٹ کے باہر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، کھلاڑیوں کے شاندار استقبال کے دوران فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد ، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور دیگر پی سی بی حکام کھلاڑیوں کے استقبال کے لیے موجود رہے۔ ائیرپورٹ سے تمام کھلاڑیوں کو وی آئی پی پروٹول میں مقامی ہوٹل پہنچایا گیا۔ اس دوران ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔چیئرمین پی سی بی نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 50، 50 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے، فائنل میں کامیابی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے کھیل کی تعریف کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی