قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)کے صدر جے شاہ ایسا بیان دینا چاہتے تھے تو انہیں کم از کم چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)رمیز راجہ کو فون کرکے بات چیت کرنی چاہیئے تھی، جے شاہ کا بیان غیر منصفانہ ہے،سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ جے شاہ کو ایشین کونسل کا اجلاس بلانا چاہیے تھا اور وہاں یہ بات کرنی چاہیے تھی کیونکہ ایشیاکپ کی میزبانی کے حقوق کونسل نے دیئے تھے جس میں تمام اراکین موجود تھے،انہوں نے مقامی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت یہ حکم نہیں دے سکتا کہ پاکستان کو اپنی کرکٹ کیسے کھیلنی چاہیئے، 10 سے 15 برس کے انتظار کے بعد اب ٹیموں نے بالآخر پاکستان کا دورہ کرنا شروع کیا ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ میں ایک سابق کرکٹر ہوں، مجھے نہیں معلوم سیاسی محاذ پر کیا ہورہا ہے لیکن لوگوں کا کھیل کے ذریعے رابطے میں رہنا بہت ضروری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی