پی سی بی کے ڈائریکٹر آف ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے ماضی میں بابر اعظم کو ٹی 20 سے ڈراپ کرنے کے معاملے پر کہا ہے کہ یہ فیصلہ سب کا تھا یہ میرے اکیلے کا نہیں تھا۔ ایک انٹرویو میں دسمبر 2024 میں جنوبی افریقا کے دورے کے بعد بابر اعظم کو ٹی 20 سے باہر کیے سے متعلق سوال پر عاقب جاوید نے کہا کہ جب آپ کسی بڑے عہدے پر کام کررہے ہو تو تنقید اس کے ساتھ آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کھلاڑیوں سے کہتا ہوں کہ ان کی تعریف یا تنقید ان کی اپنی کارکردگی پر منحصر ہے، اگر آپ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو کوئی آپ پر تنقید نہیں کرے گا اگر خراب کارکردگی ہوگی تو لوگ تنقید کریں گے۔عاقب جاوید نے کہا کہ بابر کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ سب کا تھا یہ میرے اکیلے کا فیصلہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ چونکہ بابر کو ٹی 20 ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تو کہا گیا میرا اس کے ساتھ ذاتی مسئلہ ہے لیکن اگر ایسا ہے تو کیا میں بابر کے ساتھ صرف ایک فارمیٹ میں ذاتی ہوں؟۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر آف ہائی پرفارمنس سینٹر نے کہا کہ کسی کو منتخب کرنے یا ڈراپ کرنے والا میں کون ہوتا ہوں یہ اجتماعی فیصلے ہیں جو پوری سلیکشن کمیٹی نے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سطح پر نہیں جہاں ذاتی بنیادوں پر کسی کھلاڑی کی حمایت یا اس کے خلاف جاسکوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی