قومی ٹیم کے سابق کپتان عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ویرات کوہلی کے مقابلے میں زیادہ تسلسل سے رنز کرتے ہیں۔ لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نیکہا کہ بڑے عرصے کے بعد ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی متوازن ٹیم بنی ہے قومی ٹیم کا کمبینیشن اچھا لگ رہا ہے، فاسٹ بولرز، اسپنرز، ٹاپ آرڈر اور پھر مڈل آرڈر بھی سب اچھے ہیں اور فٹ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر کا مسئلہ بھی دکھائی نہیں دے رہا جبکہ پہلے ہوتا تھاکہ دو تین کھلاڑی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرہو جائیں گے اس ٹیم میں ایسا کوئی نہیں جو ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہو اس لیے میں اب ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ اس مرتبہ پاکستان کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا بہت اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھارت کی ایسی صورتحال ہے کہ ان کے کھلاڑیوں کے بارے میں بات کی جارہی ہے کہ کون کون ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہو گا، میراماننا ہے کہ عمر اور فٹنس کے لحاظ سے پاکستان ٹیم بھارت سے بہت آگے ہے اور پاکستان کے پاس اس مرتبہ بہتر آپشنز ہیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ بھارتی کپتان روہت شرما کے پاس اب زیادہ کرکٹ نہیں ہے، ان پر دبا ہے اور ادھر پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی قومی ٹیم میں پرفارمنس اچھی ہے اسی وجہ سے بابر اعظم روہت شرما سے بہتر ہیں، روہت شرما کے حوالے سے باتیں ہو رہی ہیں کہ وہ کپتان کیوں ہیں جبکہ بابر اعظم کے حوالے سے یہ باتیں نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی کا اگربابر اعظم سے موازنہ کریں تو ویرات کوہلی سیزن سیزن میں اچھا کرتے ہیں پھر اس کے بعد رنز نہیں کر پاتے جبکہ بابر اعظم تسلسل کے ساتھ رنز کرتے ہیں ویرات کوہلی میں تسلسل نہیں دوسرا بابر اعظم کی اب ٹیم میں کپتان کی حیثیت سے بھی جگہ پکی ہے وہ اب اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو لیڈ کرتا ہے۔ دوسری جانب عاقب جاوید نے کہا کہ ون ڈے میچز میں افغانستان کی ٹیم پاکستان کیلئے خطرناک ثابت نہیں ہوسکتی، افغانستان کے بیٹرز کے لیے پاکستان کے فاسٹ بولرز کو کھیلنا آسان نہیں ہے جبکہ بیٹرز ون ڈے میں اب بہتر انداز سے کھیل رہے ہیں۔ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ کینڈی میں ہونے والے میچ میں پاکستان کو 3 فاسٹ باولرز شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رف کے ساتھ کھیلنا چاہیے، ون ڈے میں نیا بال بڑا اہم ہوتا ہے، شاہین اور نسیم دونوں نیا بال سوئنگ کرتے ہیں اگر شروع میں دونوں وکٹیں حاصل کرتے ہیں تو پاکستان ٹیم کے لیے اچھا ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی