قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے معروف ٹی وی اینکر کی جانب سے ٹی20 ورلڈکپ میں تحائف لے کر میچز کے نتائج تبدیل کرنے کے الزامات پر ان کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف ٹی اینکر نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم پر تحائف لے کر میچز کے نتائج تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔اس حوالے سے اینکرپرسن نے اپنی ویڈیو میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ بابر اعظم نے میچز کے نتائج تبدیل کرنے کے لیے مہنگی گاڑیاں، دبئی اور آسٹریلیا میں اپارٹمنٹس حاصل کیے، جب کہ ان پر بکیز سے روابط کا الزام بھی عائد کیا گیا، جس میں ان کے ساتھ دیگر کھلاڑیوں اور کچھ سابق کرکٹرز کا نام بھی لیا تھا۔اینکرپرسن نے خصوصی طور پر ٹی20 ورلڈکپ میں میزبان امریکا کے خلاف پاکستان کے افتتاحی میچ پر شکوک شبہات کا اظہار کیا گیا تھا، جس میں پاکستان کو سپر اوور میں شکست ہوئی تھی۔بابراعظم نے اینکرپرسن کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے وکلا سے قانونی مشاورت مکمل کرلی اور اینکر کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بابراعظم کی جانب سے اینکرپرسن سے معافی کا مطالبہ کیا جائے گا، معافی نہ مانگنے کی صورت میں انہیں عدالت لے جایا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی