کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم کہنی کے علاج کے لیے برطانیہ چلے گئے ۔ اولمپئین ارشد ندیم لندن میں اپنی کہنی کا علاج کروائیں گے جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم ان کے علاج کی نگرانی کرے گی ، علاج کے بعد قومی ایتھلیٹ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اور ایشین چیمپئن شپ 2023 میں شرکت کریں گے ۔ قومی ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ میں 2023 ورلڈ ایتھلیٹکس اور پیرس اولمپکس سے قبل کہنی کا علاج کروارہا ہوں تا کہ درد سے نجات حاصل کر کے پریکٹس کا آغاز کرسکوں ۔ واضح رہے کہ ارشد ندیم گزشتہ برس اولمپکس کے دوران کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے ۔ یاد رہے کہ قومی ایتھلیٹ نے کہنی کی انجری کے باوجود کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کی اور پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا تھا ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی