انٹرنیشنل اسپیشل اولمپک کینیڈا کے ہیڈکوچ گلین کرڈن (Glenn Curdin)ایک ہفتے کے دورے پر کراچی پہنچ گئے جہاں وہ اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز کیلئے پاکستانی کوچز کو تربیت فراہم کریں گے،کراچی آمد پر اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی و دیگر عہدیداران نے گلین کرڈن کااستقبال کیا،واضح رہے کہ رواں سال جرمنی کے شہر برلن میں 17 تا 25 جون تک کھیلے جانے والے اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمزکی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کراچی پورٹ ٹرسٹ اسپورٹس کمپلیکس میں لگایا گیا،ہیڈ کوچ گلین کرڈن نے رونق لاکھانی کے ہمراہ کیمپ کادورہ کر کے کوچز اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کاجائزہ لیا، اس موقع پر گلین کاکہنا تھا کہ پاکستان میں آکر بہت خوشی محسوس ہوئی اور یہاں کی میزبانی کو انجوائے کر رہا ہوں ،یہ ملک کھیلوں کے حوالے سے دنیا بھرمیں اپنا مقام رکھتا ہے،انہوں نے کہا کہ کوچنگ سمینار پاکستانی کوچز کیلئے بہت مفید ثابت ہوگا جس سے استعفادہ حاصل کرنے والے کوچز مستقبل میں اسپیشل ایتھلیٹس کی بہترین تربیت اور رہنمائی کر سکیں گے اور اس کی روشنی میں پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس کی کارکردگی مزید بہتری کی جانب گامزن ہو گی،گلین کارڈن کا مزید کہنا تھا کہ اسپیشل ایتھلیٹس ہمارے لیے انسپریشن ہیں ہے یہ بچے اپنے کھیل کو دل و جان سے کھیلتے ہیں۔ مجھے پاکستانی ایتھلیٹس میں جیت کا جذبہ نظر آ رہا ہے ،مجھے امید ہے کہ یہ اسپیشل ورلڈ گیمز میں اپنے ملک کیلئے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کریں گے،دوسری جانب رونق لاکھانی کا کہنا تھا کہ گلین کارڈن کی پاکستان آمد ہمارے لیے باعث اعزاز ہے، کراچی کے مقامی ہوٹل میں اسپیشل اولمپک کے مختلف کھیلوں کے پاکستانی کوچز کیلئے دوروزہ کوچنگ سمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ہیڈ کوچ گلین کارڈن اسپیشل اولمپک کے مختلف کھیلوں کے طریقہ کار، قواعد و ضوابط و دیگر بنیادی اصول سمیت دیگر تفصیلی معلومات سے آگاہی فراہم کریں گے،رونق لاکھانی کا مزید کہنا تھا کہ کوچنگ سمینار سے نہ صرف ہمارے مقامی کوچز کو اپنے ملک میں ہی انٹرنیشنل کوچ کی نگرانی میں ٹریننگ کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ انٹرنیشنل لیول پر ایکسپوزر بھی ملے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی