سینئر اداکارہ، گلوکارہ و کامیڈین بشری انصاری نے پڑوسی ملک بھارت میں ہونے والی بے مثال، پرتعیش ترین شادی پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔ بشری انصاری نے یوٹیوب پر اپنا نیا وی لاگ اسی موضوع پر بناتے ہوئے اپنی بیٹی کی شادی بارے کہا کہ میری بیٹی نے سادگی سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا مگر میں نے گھر میں پہلی شادی ہونے کے سبب بہت خرچہ کیا تھا اور اپنے تمام شوق پورے کیے تھے، اب مجھے اندازہ ہوتا ہے کہ میری بیٹی صحیح کہتی تھی کہ شادی سادگی سے ہی کرنی چاہیے۔بشری انصاری نے امبانیوں کی شادی پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں بہت غربت ہے، امیر افراد کو شادیوں پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائے غریبوں کے لیے کچھ بھلا کرنا چاہیے، کیا ہی اچھا ہوتا کہ مکیش امبانی بھی پرتعیش شادی کے ساتھ ساتھ جھونپڑ پٹی میں رہنے والے کم از کم 1 لاکھ افراد کو ایک ایک چھوٹا سا گھر بنا دیتے، بے شک وہ ایک کمرے پر مشتمل ہوتا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ میں کوئی روکھی سوکھی روٹی کھاتی ہوں یا اپنے شوق پورے نہیں کرتی، میں بھی خرچہ کرتی ہوں مگر میرے خیال میں ایک حد میں رہتے ہوئے شادیوں پر پیسہ خرچ کرنا چاہیے۔سینئر اداکارہ کا اپنے وی لاگ کے اختتام پر کہنا ہے کہ یہ میرا وی لاگ کوئی لیکچر نہیں تھا بس میری زندگی کا تجربہ تھا، میری یہ بات چار لوگ بھی سمجھ جائیں اور ضرورت کی جگہ پر خرچ کریں تو بہت تبدیلی آ جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی