انگلینڈ کے کرکٹ اسٹیڈیمز پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے خواہشمند ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت میں دو طرفہ ٹیسٹ سیریز کی بحالی میں انگلینڈ متوقع نیوٹرل وینیو ہو سکتا ہے۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے تاحال پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کی اجازت نہیں دی البتہ دونوں حکومتوں کی جانب سے نیوٹرل وینیو پر راضی ہونے کی صورت میں لارڈز ٹیسٹ میچ کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔اس کے علاوہ دی اوول اور ایجبیسٹن بھی پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کے خواہشمند ہیں۔ چیف ایگزیکٹو واروکشائر ا سٹیورٹ کین نے کہا ہے کہ ہم پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے پروپوزل کو بھرپور سپورٹ کریں گے، یہ سیریز پورے ریجن اور ویسٹ مڈلینڈز میں رہنے والے بہت سارے پاکستانی اور انڈین فینز کے لیے شاندار ہوگی ۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی کپتان روہت شرما نے سابق انگلش کپتان مائیکل وان سے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی