i کھیل

ایشز کا چوتھا ٹیسٹ ڈرا، سیریز میں انگلینڈ کے کم بیک کی امیدوں پر پانی پھر گیاتازترین

July 25, 2023

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا۔ مانچسٹر کے موسم نے ایشز سیریز میں انگلینڈ کے کم بیک کی کوششوں پر پانی پھیر دیا، بارش کی وجہ سے اولڈ ٹریفورڈ پر آخری روز ایک گیند کا کھیل بھی نہ ہوسکا اور انگلینڈ کی ٹیم ایک ممکنہ فتح سے محروم ہو گئی۔ سیریز میں 1-2 کے خسارے کا شکار انگلینڈ کو چوتھے ٹیسٹ کے آخری روز آسٹریلیا کی پانچ وکٹیں حاصل کرنا تھیں جبکہ آسٹریلین ٹیم انگلینڈ کے سکور سے 61 رنز پیچھے تھی اور اس کے بعد انگلش ٹیم کی ایک اننگ بھی باقی تھی مگر موسم نے ایسا نہ ہونے دیا۔ میچ کے آخری روز بارش نے ایک گیند کے کھیل کا بھی موقع نہ دیا، ایک موقع پر یوں لگا کہ میچ کا آغاز ہوجائے گا لیکن پھر سے بارش شروع ہو گئی اور بالآخر شام تک انتظار کے بعد امپائرز نے میچ کے خاتمے کا اعلان کردیا۔ چوتھا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد اب انگلینڈ کا ایشز سیریز جیتنا نا ممکن ہوگیا ہے، ایشز سیریز کا پانچواں اورآخری ٹیسٹ 27 جولائی سے شروع ہو گا، سیریز میں آسٹریلیا کو1-2 کی برتری حاصل ہے۔ سیریز اگر ڈرا بھی ہوئی تو ایشز آسٹریلیا میں ہی رہے گی کیوں کہ قوانین کے مطابق ڈرا ہونے کی صورت میں پچھلی سیریز جیتنے والی ٹیم ایشز اپنے پاس برقرار رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ 22-2021 میں ہونے والی ایشز آسٹریلیا نے 0-4 سے اپنے نام کی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی