معروف اداکار علی عباس نے کہا ہے کہ اگر ہمیں ترقی یافتہ قوم بننا ہے تو ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی جائے ۔ ایک انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل کسی کی بھی سوشل میڈیا پوسٹ پر آکر منفی تبصرہ کرنا بہت آسان ہے اور یہ ہی بات کوئی کسی کے منہ پر نہیں کہہ سکتا کیونکہ پھر اگلا سامنے سے جواب دیگا۔انہوں نے کہا کہ آج کل لوگ سوشل میڈیا کے پیچھے چھپ کر ایک دوسرے پر کیچڑ اچھال رہے ہوتے ہیں۔ نئے آنے والے پھر اسی کیچڑ کو دیکھتے ہیں، کام کو نہیں۔ اس لیے اگر ہمیں ترقی کرنی ہے تو جس طرح حکومت اپنے مفاد کے لیے یوٹیوب یا ایکس پر پابندی عائد کرتی ہے اسی طرح قوم کے مفاد کے لیے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنا وقت کی ضرورت ہے۔اداکار نے سوشل میڈیا صارفین کی عمر کا تعین کرنے کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ یہ زومبی زون بن چکا ہے ۔سوشل میڈیا صارفین کے لیے 18 برس کی عمر مقرر کرنے کی ضرورت ہے۔علی عباس کے مطابق نوجوان نسل اپنا راستہ کھو کر منفی رجحان میں مبتلا ہو رہی ہے، آج کل جو سوشل میڈیا پر جو مواد بن رہا ہے وہ نامناسب ہے اور دیکھنے کے بھی قابل نہیں ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی