پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا نتالیہ سویٹیک اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں۔ دو بار کی اٹالین اوپن چیمپئن22سالہ پولینڈ کی ٹینس سٹار نے کوارٹر فائنل رائونڈ میں امریکی حریف کھلاڑی میڈیسن کیز کے خلاف سٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی ۔آئیگا سویٹیک نے 2021اور 2022میں اٹالین اوپن کا ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔امریکا کی کوکوگف نے بھی کوارٹر فائنل لائن عبور کر کے ٹاپ 4رائونڈ میں اپنی جگہ پکی کر لی ، ویمنز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں عالمی نمبر ایک پولینڈ کی آئیگا نتالیہ سویٹیک نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی میڈیسن کیز کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6اور 3-6سے ہرا کر سیمی فائنل مرحلے میں جگہ حاصل کی ۔ آئیگا سویٹیک نے 77منٹ میں امریکی حریف کھلاڑی کو پچھاڑا ۔امریکا کی ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کی تھرڈ سیڈڈ کوکوگف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چین کی حریف کھلاڑی ژینگ کنوین کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(4-7)اور 1-6 سے ہر اکر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔سیمی فائنل رائونڈ میں آئیگا نتالیہ سویٹیک کا مقابلہ کوکو گف سے ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی