انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی میں ضابطہ اخلاق کی لیول 1 خلاف ورزی پر نسیم شاہ پر جرمانہ عائد کیا گیا۔انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے سیزن 4 کے فائنل میں ایم آئی ایمریٹس کے خلاف میچ کے دوران لیول 1 خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔22 سالہ نسیم شاہ کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جو آٹ ہونے کے بعد بیٹر کو اشتعال دلانے یا توہین آمیز رویے، زبان یا اشاروں سے متعلق ہے۔ واقعہ اتوار کو انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کے کھیلے گئے فائنل کے 11ویں اوور میں پیش آیا
جب ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ نے نسیم شاہ کی گیند کا دفاع کیا اور گیند سیدھی نسیم کی طرف گئی۔ تاہم نسیم شاہ نے گیند اٹھا کر مسکراتے ہوئے پولارڈ کی طرف دیکھا، جس پر پولارڈ نے جارحانہ ردِعمل دیا اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہو گئی۔اس دوران دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے قریب آ گئے، پولارڈ واضح طور پر غصے میں دکھائی دیے جبکہ نسیم شاہ بھی جواب دیتے نظر آئے۔ امپائرز اور ڈیزرٹ وائپرز کے کھلاڑیوں نے مداخلت کر کے معاملہ ختم کروایا، تاہم دونوں کھلاڑی ناخوش دکھائی دے رہے تھے۔بعد ازاں نسیم شاہ نے 16ویں اوور کی پہلی گیند پر پولارڈ کو آئو ٹ کر کے بدلہ لیا۔ واضح رہے کہ ڈیزرٹ وائپرز نے فائنل میں ایم آئی ایمریٹس کو 46 رنز سے شکست دے کر پہلی بار انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیتا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی