پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار وحید مراد کے بیٹے فلم ساز و اداکار عادل مراد اپنے والد کی زندگی پر فلم نہیں بنانا چاہتے۔عادل مراد حال ہی میں ایک ویب شو کا بذریعہ ٹیلی فون حصہ بنے جہاں انہوں نے اپنے والد وحید مراد کے شاندار شوبز کیریئر کے بارے میں بات کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے والد کی کسی بھی فلم کا ریمیک اور ان کی بائیوپک کیوں نہیں بنانا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ اگر میں وحید مراد صاحب کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے رضامند ہو بھی جائو تو کسی اداکار کو تو اسکرین پر ان کا کردار ادا کرنا ہے تو کیا ہم اسکرین پر کسی کو بھی وحید مراد کے کردار میں قبول کر سکیں گے یا کوئی ایسا اداکار ابھی تک سامنے آیا ہے جو اسکرین پر وحید مراد کے کردار کو انصاف کے ساتھ نبھا سکے؟عادل مراد نے کہا کہ وحید مراد کا اپنا ایک الگ ہی انداز تھا اور ان کے انوکھے انداز نے ہی انہیں ایک مشہور پاکستانی اداکار بنایا تھا، اب کسی بھی اداکار سے ان کی نقل تو کروا سکتے ہیں لیکن کوئی ان کے کردار کو اسکرین پر اس طرح ادا نہیں کر سکتا کہ حقیقت سے قریب تر لگے۔عادل مراد نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے اور میرے خاندان کے لیے میرے والد وحید مراد کا نام، شہرت اور قدر ان کی فلموں، بائیوپکس اور رائلٹی کے ذریعے پیسے کمانے سے زیادہ اہم ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی