i کاروبار

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کا ویکسی نیشن مہم 30 ستمبر تک جاری رکھنے اعلانتازترین

August 17, 2023

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع سمیت صوبہ بھر میں مویشیوں کو گل گھوٹو، منہ کھر،نمونیا، انتڑیوں کے زہر اور مرغیوں کو رانی کھیت سے بچائو کے لیے ویکسی نیشن مہم 30 ستمبر تک جاری رکھنے اعلان کیاہے۔ ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا ہے کہ مہم کے دوران جانوروں، مویشیوں، پرندوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مکمل کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام مویشی پال حضرات، لائیو سٹاک فارمرز اور پولٹری فارمرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رواں موسم کے دوران اپنے جانوروں اور پرندوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکے لگوائیں تاکہ بعدازاں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے لائیو سٹاک فارمرز سمیت بھینس، گائے، بکریاں اوردیگر جانور و مویشی پالنے والے حضرات سے کہا کہ چونکہ موسم خزاں میں جانوروں میں منہ کھر کی بیماری کے حملے کا خطرہ بڑھ جاتاہے لہٰذا وہ فوری طور پر اپنے مویشیوں اور جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کے لیے ٹیکے لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ منہ کھر کا وائرس جانوروں کے منہ اور کھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتاہے جس سے بھینسوں و گائیوں کی زبان، تالو، مسوڑھوں، ہوانہ اور کھروں کے درمیان چھالے پڑ جاتے ہیں جس سے ان کو تیز بخار ہو جاتا ہے اور وہ خوراک کھانا بندکرنے سمیت دودھ کی پیداوار بھی کم کردیتے ہیں، اسی طرح بھیڑوں و بکریوں کے منہ میں سرخ دھبے نظر آتے ہیں اور رال ٹپکنا شروع ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ویٹرنری ہسپتالوں، ڈسپنسریوں میں متعلقہ ٹیکے وافر مقدار میں موجودہیں اور اس ضمن مزید معلومات یا رہنمائی ے لیے محکمہ کی ہیلپ لائن پر بھی مفت رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5سے20فیصد برائلر چوزے مختلف بیماریوں کی وجہ سے مر جاتے ہیں اور پولٹر ی فارمرز کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ ہونے سے نہ صرف انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس سے ملکی وسائل بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے مرغبانی کی صنعت ترقی کر رہی ہے ویسے ہی اس کے مسائل میں بھی اضافہ ہوتا جار ہا ہے جس میں مرغیوں کی بیماری سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوزوں کی متناسب جسامت، نشوو نما، تازہ اور جراثیم سے پاک پانی کی فراہمی، متوازن خوراک، حفاظتی ٹیکہ جات، فارم اور گرد و نوا ح کی مناسب صفائی اور پرندوں کی نگہداشت سے برائلر چوزوں کے ابتدا میں ہی مرنے کی شرح کو کم کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری فارمرز محکمہ لائیو سٹاک کے حکام کے مشوروں پر عمل کریں تاکہ چوزوں میں مرنے اور ان میں بیماریاں پھیلنے کے تناسب کو کم کیا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی