i پاکستان

زیارت واقعہ ، چئیرمین سی ایم آئی ٹی کی سربراہی میں اعلی سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل،15روز میںرپورٹ پیش کریگیتازترین

July 08, 2026

زیارت میں مانگی ڈیم واقعہ کی تحقیقات کیلئے چئیرمین سی ایم آئی ٹی کی سربراہی میں اعلی سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ا س ضمن میں محکمہ داخلہ بلوچستان نوٹیفکیشن جاری کر دیا، کمیٹی میں سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سینئر ڈی آئی جی پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کے نمائندے شامل ہوں گے۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق انکوائری کمیٹی دہشت گرد حملے سے قبل، دوران اور بعد کے تمام واقعات اور سکیورٹی ردعمل کا جائزہ لے گی، کمیٹی سیکیورٹی اداروں کی تیاری، کمانڈ اینڈ کنٹرول، رابطہ کاری اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لے گی۔معاون وزیر اعلی بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ غفلت، کوتاہی

آپریشنل خامیوں یا ذمہ داری کے تعین کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی جائے گی، انکوائری کمیٹی مانگی ڈیم اور صوبے کی اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے فوری، درمیانی اور طویل المدتی سیکیورٹی اقدامات تجویز کرے گی۔شاہد رند کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے پالیسی، ادارہ جاتی اور آپریشنل اصلاحات بھی تجویز کی جائیں گی، انکوائری کمیٹی کو ریکارڈ اور افسران کی طلبی، گواہوں کے بیانات، جائے وقوعہ کے معائنے اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے مکمل اختیارات دے دئیے گئے، انکوائری کمیٹی پندرہ روز کے اندر اپنی رپورٹ حکومت بلوچستان کو پیش کرے گی۔وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں غفلت یا نااہلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی