ذوالحج 1447ھ کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 مئی (اتوار)بمطابق 29 ذیقعدہ کو طلب کر لیا گیا۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کراچی میں طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔زونل اور ڈسٹرکٹ رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی شام اپنے متعلقہ ہیڈ کواٹرز میں منعقد ہوں گے۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ قبل ازیں ذوالحج 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن(سپارکو)کی جانب سے پیش گوئی کی گئی تھی
کہنیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بجکر 1 منٹ پر پیدا ہونے کی توقع ہے، غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریبا 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریبا 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔سپارکو کے مطابق یکم ذوالحج 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 متوقع ہے، جو ماہ ذوالقعدہ کے اختتام کی علامت ہوگی۔سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحی 27 مئی کو ہوگی، ذوالحج کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی