i پاکستان

طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم کے حصول سے روکنا اسلام کے پیغام کیخلاف ہے، ملالہ یوسفزئیتازترین

February 10, 2026

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے حوالے سے بہت ہی خطرناک وقت ہے،طالبان لڑکیوں اور خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کر رہے ہیں، تمام ممالک طالبان پر دبائو ڈالیں اور ان کے ساتھ معمول کے تعلقات نہ ر رکھے جائیں۔ ایک انٹرویو میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ طالبان لڑکیوں سے تعلیم کا بنیادی حق چھین رہے ہیں، لڑکیاں وہاں اسکول نہیں جاسکتیں لیکن افغان لڑکیاں ہمت نہیں ہاررہیں، وہ اب بھی خفیہ اسکولوں اور آن لائن تعلیم حاصل کررہی ہیں۔

طالبان خواتین کو گھر سے باہر جانے اور کام کرنے نہیں دے رہے، بچوں کامستقبل تاریک نظر آتا ہے۔ملالہ نے طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم کے حصول سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ طالبان کسی بھی بچی کودین کے نام پر تعلیم سے محروم نہیں کرسکتے۔ طالبان اپنے دین کوسمجھیں،علم حاصل کرنا دین کا حصہ ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے مطالبہ کیا کہ تمام ممالک انسانی حقوق کی بنیاد پر آگے آئیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک کی بھی ذمہ داری ہے وہ طالبان کی غیر اسلامی اقدامات کی مذمت کریں۔ملالہ نے کہا کہ وہ افغان لڑکیوں کے ساتھ کھڑی ہیں اور اور ان کے پروجیکٹ کو سپورٹ کر رہی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی