i پاکستان

سروسز ہسپتال کا ایک اور اہم سنگ میل ، ڈائمنڈ ایوارڈ فار ایکسی لینس اِن سٹروک کیئر سے نوازا گیا،وزیراعلی مریم نواز کی مبارکبادتازترین

August 03, 2026

پنجاب کے سروسز ہسپتال کے شعبہ نیورالوجی نے فالج (سٹروک )کے مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کرنے پر ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ہسپتال کے سٹروک ایمرجنسی سنٹر کو ورلڈ سٹروک آرگنائزیشن اور یورپین سٹروک آرگنائزیشن کے اشتراک سے چلنے والے اینجلز انیشی ایٹو کی جانب سے ڈائمنڈ ایوارڈ فار ایکسی لینس اِن سٹروک کیئر سے نوازا گیا ۔پنجاب حکومت کے مطابق سروسز ہسپتال کا شعبہ نیورالوجی یہ اعزاز حاصل کرنے والا پاکستان کے سرکاری شعبے کا پہلا ادارہ بن گیا ہے، عالمی اعزاز ہسپتال کی فالج کے مریضوں کو بروقت، موثر اور جدید ترین علاج فراہم کرنے کی کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا۔جاری اعلامیے کے مطابق اینجلز انیشی ایٹو دنیا بھر میں فالج کے علاج کے معیار کا جائزہ لیتا ہے اور ہسپتالوں کی کارکردگی کو بین الاقوامی پیمانوں پر پرکھتا ہے، ڈائمنڈ ایوارڈ کے لیے مریضوں کو فوری علاج، جدید طبی سہولتوں کی دستیابی اور عالمی معیار کے کلینیکل پروٹوکولز پر عمل درآمد کو بنیاد بنایا جاتا ہے۔پنجاب حکومت کے مطابق سروسز ہسپتال کے شعبہ نیورالوجی کو خصوصا ڈور ٹو نیڈل ٹائم یعنی مریض کے ہسپتال پہنچنے سے تھرومبولائسز علاج شروع ہونے تک کے دورانیے میں بہترین کارکردگی پر سراہا گیا

جو فالج کے مریضوں کی جان بچانے اور مستقل معذوری سے بچا میں انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیابی پر سروسز ہسپتال، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، شعبہ نیورالوجی کے سربراہ اور پوری طبی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ڈائمنڈ ایوارڈ محض ایک سرٹیفکیٹ نہیں بلکہ بروقت علاج، جدید طبی سہولتوں اور انتھک محنت کے ذریعے ہزاروں انسانی جانیں بچانے کے اعتراف کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ سروسز ہسپتال کا دنیا کے بہترین سٹروک سینٹرز کی صف میں شامل ہونا پنجاب کے صحت کے نظام کیلئے تاریخی کامیابی ہے اور یہ اعزاز پاکستان کے سرکاری شعبے کے لیے باعث فخر ہے۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت فالج کے مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کرنے کے مشن کو مزید وسعت دے گی اور صوبے میں سٹروک کیئر کے معیار کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اینجلز انیشی ایٹو کی جانب سے دیا گیا عالمی اعزاز پنجاب میں شعبہ نیورالوجی میں جدت، تحقیق اور معیاری طبی خدمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی