i پاکستان

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر قوم کو مبارکبادتازترین

October 21, 2024

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے منتخب نمائندوں نے پاکستان کے آئین میں 26 آئینی ترمیم کا بل منظور کیا ہے جس کی وجہ سے یہ دن ملکی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پیر کو اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ آج ملک کے منتخب نمائندوں نے ملکر آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے تمام زعما خراج تحسین کے مستحق ہیں، جن کی مسلسل محنت اور جدو جہد کے ذریعے 26 آئینی ترامیم کی منظوری کا حصول ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں سے 26 ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری پارلیمنٹ کی بڑی کامیابی ہے۔تمام سیاسی جماعتوں نے 26 آئینی ترمیم کی منظوری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سپیکر نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِداخلہ محسن رضا نقوی، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثنا اللہ اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی کوششوں کو سراہا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی