i پاکستان

صومالیہ میں بحری جہاز کے اغوا کو 165 دن گزر گئے، یرغمال پاکستانیوں کی نئی تصاویر سامنے آگئیںتازترین

September 29, 2026

صومالیہ میں بحری جہاز کے اغوا کو 165 دن گزر گئے، جبکہ جہاز میں یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانی ملاحوں کی نئی تصاویر سامنے آ گئی ہیں۔اس صورتحال کے بعد کراچی میں مغویوں کے اہل خانہ نے ایک بار پھر حکومت سے اپنے پیاروں کی فوری بازیابی کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بیشتر مغوی پاکستانیوں کی طبیعت انتہائی خراب ہے اور انہیں فوری طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مغویوں کے ساتھ ان کا کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔دوسری جانب جہاز کے سیکنڈ آفیسر نے بتایا ہے کہ بحری قزاق جہاز کو دوبارہ اسی جگہ واپس لے جا رہے ہیں جہاں سے وہ اسے اغوا کر کے لائے تھے۔

اہل خانہ نے اپیل کی ہے کہ حکومت اس معاملے میں فوری مداخلت کرے تاکہ یرغمالیوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جا سکے۔یاد رہے کہ اس سے قبل صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانی کی ایک اور وڈیو سامنے آئی تھی جس میں یرغمالی یاسر خان کا کہنا تھا کہ وہ بحری جہاز کے ٹینک کا گندا پیلا پانی پینے پر مجبور ہیں، 24 گھنٹے میں ایک بار ابلے ہوئے چاول دئیے جاتے ہیں۔یرغمالی یاسر خان نے صدر مملکت، وزیراعظم اور فیلڈمارشل سے اپیل کی تھی کہ ان کی مدد کی جائے ورنہ وہ زیادہ دن نہیں رہ پائیں گے۔ یاسر خان نے کہا تھا کہ شپنگ کمپنی بحری قزاقوں سے کوئی بات نہیں کررہی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی