وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں لاکھوں روپے مالیت کے علاج اور ٹرانسپلانٹ مکمل طور پر مفت فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کو ریلیف ملا ہے۔وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس میں 4 بڑے ہیلتھ پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں بتایا گیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 16 ہزار 625 بچوں کی رجسٹریشن کی گئی، جبکہ 11 ہزار سے زائد کامیاب سرجریز مکمل ہو چکی ہیں، صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں 7 ہزار 664 بچوں کے دل کے آپریشن اور دیگر طبی پروسیجرز انجام دیئے گئے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی غریب بچوں کے علاج کیلئے دروازے کھول دیئے گئے، جہاں 3 ہزار 802 بچوں کا علاج سرکاری خرچ پر مکمل کیا گیا۔سی ایم سپیشل ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت 2 ہزار ایک مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی
جن میں سے ایک ہزار 574 مریضوں کے ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کئے گئے، ان میں 255 مریضوں کے لیور ٹرانسپلانٹ بالکل مفت کئے گئے، جبکہ ہر لیور ٹرانسپلانٹ پر حکومت پنجاب نے تقریبا 65 لاکھ روپے خرچ کئے۔اسی پروگرام کے تحت 799 مریضوں کے گردوں کی پیوندکاری، 460 مریضوں کے کوکلیر ٹرانسپلانٹ، 32 مریضوں کے کارنیل اور 28 مریضوں کے بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی مفت کئے گئے۔ڈائیلسز پروگرام کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ 38 ہزار 125 مریض رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ اس پروگرام کے تحت اب تک 15 لاکھ سے زائد ڈائیلسز پروسیجرز مکمل کیے جا چکے ہیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ غریب ہو یا امیر، سب بچے میرے اپنے ہیں اور حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے، 11 ہزار سرجریز اور ہزاروں ٹرانسپلانٹ پنجاب کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی