i پاکستان

سندھ میں ٹرانسپورٹ کا نظام جدید بنانے کیلئے اقدام،ڈیجیٹائزیشن سے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کیلئے سہولت پیدا ہوگی، سینئر صوبائی وزیرتازترین

April 29, 2026

حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اہم اور فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے صوبے بھر میں تمام روٹ پرمٹس اور وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹس کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا حکم جاری کر دیا۔اس حوالے سے صوبے میں روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کے لیے 30 جون 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دستاویزات کی تصدیق کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ ریگولیٹری نظام کو مکمل طور پر خودکار اور ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے، جبکہ صوبے بھر میں کمرشل گاڑیوں کے تمام روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کو ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر گاڑی مالک اور ٹرانسپورٹر کو قابلِ تصدیق اور آن لائن دستیاب دستاویزات فراہم کی جائیں گی

جبکہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں اس عمل کو فوری طور پر مکمل کریں۔مزید برآں تمام ٹرانسپورٹرز کو بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ وہ رجسٹریشن کا عمل شروع کر سکیں۔شرجیل انعام میمن کے مطابق فیلڈ دفاتر کو روزانہ 1000 اندراجات مکمل کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں، جبکہ 30 جون 2026 کے بعد تمام مینئول روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس غیر موثر تصور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مقررہ تاریخ کے بعد صرف ڈیجیٹل دستاویزات ہی قابل قبول ہوں گی اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے ۔ اس ڈیجیٹائزیشن سے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے سہولت بھی پیدا ہوگی اور جعلسازی کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی