i پاکستان

سلامتی کونسل سندھ طاس معاہدہ عالمی ذمہ داری کے تحت مکمل بحال کرائے،پاکستان کا مطالبہتازترین

April 24, 2026

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل سندھ طاس معاہدے کو عالمی ذمہ داری کے تحت مکمل بحال کرائے۔ انہوں نے یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں بھارت کے خلاف جمع کرائے گئے خط میں کیاہے ۔پاکستان کے خط میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور کہا ہے کہ بھارت کی کارروائی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، سلامتی کونسل سے مداخلت کی اپیل کی جاتی ہے کہ بھارت سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق عملدرآمد کروایا جائے۔عاصم افتخار کا کہناتھا کہ خط نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ کی جانب سے جمع کرایا گیا جس میں معاہدے کی مکمل بحالی کا مطالبہ کیا گیا

مراسلہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کے حوالے کیا گیا۔پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے مفاد میں پاکستان کی ثالثی کوششوں کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا مہم کو بے بنیاد قرار دیا اور صدر جنرل اسمبلی کی اس بے بنیاد مہم کی طرف توجہ دلائی۔عاصم افتخار نے مزید نشاندہی کی کہ جموں و کشمیر کا تنازع، جو طویل عرصے سے کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے، جنوبی ایشیا میں مسلسل عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اس کے حل کے بغیر ممکن نہیں، جو متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی