اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اراکین نے 2 اگست کو سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے باہر خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔ترجمان سلامتی کونسل نے جاری بیان میں کہا کہ دہشت گرد حملے میں کم از کم 16 پاکستانی شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے سوات حملے کی ذمہ داری قبول کی۔سلامتی کونسل کے اراکین متاثرین کے اہلِخانہ، حکومتِ پاکستان اور عوام سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔ترجمان سلامتی کونسل نے کہا کہ دہشت گردی بین الاقوامی امن وسلامتی کیلئے سنگین ترین خطرات میں سے ایک ہے۔بیان میں کہا گیا کہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے مرتکب، منصوبہ سازوں، مالی معاونین اور سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، تمام ممالک بین الاقوامی قانون و سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اس سلسلے میں حکومتِ پاکستان سے تعاون کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی